جن لوگوں نے پی سی او کے تحت اٹھایا انہوں نے منتخب وزیراعظم کو نکال دیا: نواز شریف

جن لوگوں نے پی سی او کے تحت اٹھایا انہوں نے منتخب وزیراعظم کو نکال دیا: نواز شریف

کوئٹہ : مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کوئٹہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا اور بلوچستان کے عوام کا گہرا تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے چار سالوں میں بلوچستان کی ترقی کیلئے بہت اقدامات کیے جس کی وجہ سے بلوچستان ایک طرف پنجاب ،دوسری طرف کے پی تیسری طرف سندھ اور چوتھی طرف بلوچستان گلگت بلتستان سے مل رہا ہے ۔

نواز شریف نے کہا کہ جب ہم حکومت میں آئے تھے تب ملک اندھروں میں ڈوبا ہوا تھا ، فیکٹریاں بند تھی ،کاروبار تباہ تھے ہم نے آ کر اس ملک میں روشنیاں بکھیریں ۔پاکستان میں آج  بجلی وافر ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کو ختم کیا کراچی میں امن کیا قائم کیا اور اسی وجہ سے مجھے وزارتِ عظمیٰ سے ہٹا دیااور مجھے وزارتِ عظمیٰ سے نکالنے والے وہ لوگ ہیں جو ڈکٹیٹر کے سامنے حلف لیتے رہے جنہوں نے پی سی او کے تحت اٹھایا وہ لوگ مجھے وزارتِ عظمیٰ سے نکال رہے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ ہم نے چار سالوں میں کوئی کرپشن نہیں کی ۔ اتنے میگا پروجیکٹ لگائے لیکن ان میں ایک بھی پیسہ کرپشن نہیں کی ۔انہوں نے کہا جب انہیں کرپشن کی بنیاد پر نہ نکال سکے تو انہوں نے مجھے اس بات سے نکال دیاکہ میں نے بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ کیوں نہیں لی ؟انہوں نے کہا کہ ایسے ہی فیصلوں سے ملک تباہ ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومتیں عوام کے ووٹ سے آئیں اور عوام کے ووٹ سے جائیں ۔ جس وزیراعظم کو کروڑوں عوام منتخب کرتی ہے اس کو پانچ بندے تبدیل کر دیتے ہیں۔ نواز شریف نے کہا اگر 2018 میں موقع ملا تو کوئٹہ میں بھی میٹرو بس بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور کا حال پہلے سے بھی برا ہو گیا ہے ۔ وہاں پہ نیا پاکستان بننے جا رہ اتھا لیکن وہاں نیا پاکستان بنانے والوں نے پرانے پاکستان کا بھی برا حال کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب شہباز شریف نے لاہور میں میٹرو بس بنائے تو پشاور کے کرکٹر (عمران خان) نے اسے جنگلہ بس قرار دیا اور اب وہ خود پشاور میں میٹرو بس بنانے کی کوشش کر رہا لیکن میٹرو بس اس سے بن نہیں رہی لیکن شہباز شریف نے لاہور کے بعد راولپنڈی اور ملتان میں بھی میٹرو بس بنا دی ۔

 اس سے قبل جب نواز شریف جلسے سے خطاب کے لیے آئے تو انہوں نے ڈائس پر موجود بلٹ پروف شیشہ ہٹوا  دیا۔یاد رہے کہ پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی آج ایوب اسٹیڈیم میں اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا جس کے لیے جلسے کا انعقاد کیا گیا ہے۔پارٹی سربراہ محمود خان اچکزئی کی خصوصی دعوت پر میاں نوازشریف لاہور سے کوئٹہ پہنچے جہاں محمود خان اچکزئی نے ان کا استقبال کیا۔ایوب اسٹیڈیم میں جلسے کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے جبکہ  شرکا کے داخلے کے لیے واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے ہیں۔