لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں سموگ کا راج برقرار ، موٹروے بھی بند

لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں سموگ کا راج برقرار ، موٹروے بھی بند

لاہور: پنجاب کے کئی شہروں میں سموگ  کا راج برقرار رہا  لاہور سمیت کئی علاقوں میں حدنگاہ صفر ، موٹروے بھی بند کردیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں دھند اورسموگ کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث صبح کے وقت موٹروے ایم ٹو کو لاہور سے شیخوپورہ اور ایم تھری کوفیض پور سے سمندری تک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

موٹروے پولیس  حکام  نے روڈ استعمال کرنے والے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ دھند والی لائٹس استعمال کریں، تیز رفتاری سےگریز کر یں اورگاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں۔

دوسری جانب محکمہ مو سمیات  نے  آئندہ دنوں میں صبح اور رات کےاوقات میں دھند بڑھنے کا امکان ظاہر کیا  ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں، موسم سرداور خشک رہے گا جب کہ آئندہ دنوں میں دھندمزید بڑھے گی۔

 علاوہ ازیں عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق فضائی آلودگی میں لاہور دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 297 ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ ماحولیات پنجاب کے مطابق نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ائیر کوالٹی انڈیکس 398، فیصل آباد میں 195،رحیم یار خان میں 180 ،اورراولپنڈی میں 158 ریکارڈ کیاگیا ۔