تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن آج، گوہر خان کا بلامقابلہ چیئر مین منتخب ہونے کا امکان

تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن آج، گوہر خان کا بلامقابلہ چیئر مین منتخب ہونے کا امکان
سورس: file

لاہور: پاکستان ‏تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن آج ہوں گے۔ بیرسٹر گوہر علی خان کا بلامقابلہ چیئرمین تحریک انصاف منتخب ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن میں ‏تحریک انصاف کے مرکزی صدر کی نشست پر چودھری پرویز الہٰی امیدوار ہوں گے، ‏عمر گوہر ایوب انٹرا پارٹی الیکشن میں مرکزی سیکرٹری کے امیدوار ہیں۔

پنجاب کی صدارت کیلئے ڈاکٹر یاسمین راشد انٹرا پارٹی انتخاب میں حصہ لیں گی، ‏پنجاب کی جنرل سیکرٹری کی نشست پر حماد اظہر میدان میں ہوں گے، خیبر پختونخوا کی صدارت کیلئے علی امین گنڈا پور فیورٹ امیدوار ہیں، ‏خیبرپختونخوا کی سیکرٹری جنرل کی نشست پر علی اصغر امیدوار ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے صدر کے طور پر حلیم عادل شیخ امیدوار ہیں، ‏سندھ کے سیکرٹری کی نشست کے امیدوار ایڈووکیٹ علی اصغر ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ‏انٹرا پارٹی الیکشن مرکز اور صوبائی سطح کی قیادت کیلئے منعقد کیے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ  ‏الیکشن میں ووٹرز آن لائن ایپ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، ‏تمام امیدواران کے نام جاری کر دیے گئے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے پریزائیڈنگ آفیسر نے کمشنر کو خط لکھ کر کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن موٹروے ٹول پلازہ کے قریب منعقد ہوں گے جس کے لیے سکیورٹی فراہم کی جائے۔ ایس ایس پی آپریشنز نے رات گئے رانو گڑھی کا دورہ کیا اور کہا کہ انٹر پارٹی الیکشن والا مقام محفوظ بنائیں گے۔

واضح رہے کہ 23 نومبر کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا تھا اور پی ٹی آئی کے لئے مشروط طور پر عام انتخابات میں بلے کا انتخابی نشان برقرار رکھا تھا۔

مصنف کے بارے میں