لاہور : پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جاری کریک ڈاؤن میں تیزی آ گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر میں 63 ہزار 970 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے چالان کیے گئے، جس کے دوران 8 کروڑ 42 لاکھ 90 ہزار روپے کے جرمانے عائد ہوئے۔
ٹریفک پولیس پنجاب کے ترجمان کے مطابق، اس دوران 23 ہزار 904 گاڑیاں مختلف تھانوں میں زیر تحویل رکھی گئی ہیں۔ خاص طور پر ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر ایک ہی دن میں 28 ہزار چالان کیے گئے اور 4 ہزار 312 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان میں ڈورنز کا استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ ٹریفک کوئیک فورس کی خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں تاکہ ٹریفک کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔