Get Alerts

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی احتجاجی کال، جڑواں شہروں میں دفعہ 144 نافذ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی احتجاجی کال، جڑواں شہروں میں دفعہ 144 نافذ

اسلام آباد :وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر آج احتجاج کرنے کی کال دے دی ہے، جس کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس کے تحت احتجاج، جلسے، جلوسوں اور دھرنوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

دفعہ 144 کے تحت جڑواں شہروں میں اسلحے کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کا استعمال، اور نفرت انگیز تقاریر پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔

دوسری جانب، پشاور ہائیکورٹ نے سرکاری اداروں کے اطراف میں غیر قانونی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی ہے اور تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر یا انتظامی اداروں کے احاطے میں سیاسی اجتماعات پر بھی روک لگائی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سرکاری اداروں کا استعمال صرف متعلقہ مقاصد کے لیے کیا جانا چاہیے اور ان کے احاطے میں غیر متعلقہ اجتماعات اداروں کی عزت و وقار کو متاثر کرتے ہیں۔

عدالت نے یہ بھی کہا کہ تعلیمی ادارے اور دیگر سرکاری ادارے اپنے احاطوں میں غیر قانونی اجتماعات کو روکنے کی ذمہ داری رکھتے ہیں، اور اس سلسلے میں متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی ہے۔

پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد، ڈی آئی جی خیبرپختونخوا نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ صرف صوبے کی جغرافیائی حدود میں ہی اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور سرکاری اہلکاروں کو کسی دوسرے علاقے میں تعینات نہیں کیا جائے گا۔

ٹیگز: