لاہور: سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی جنرل نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے بطور ریٹرننگ آفیسر اس سلسلے میں پبلک نوٹس جاری کیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق امیدوار 4 اور 5 دسمبر 2025 کو لاہور میں ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا سکیں گے، جب کہ نامزد امیدواروں کی ابتدائی فہرست 6 دسمبر کو شائع کی جائے گی۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 8 دسمبر تک مکمل ہوگی، جبکہ منظوری یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 10 دسمبر تک دائر کی جاسکیں گی۔ اپیلوں پر فیصلوں کی آخری تاریخ 12 دسمبر مقرر ہے، جس کے بعد نظرِ ثانی شدہ امیدواروں کی فہرست 13 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔
امیدوار 15 دسمبر 2025 تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 24 دسمبر 2025 کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک پنجاب اسمبلی میں ہوگی۔
کاغذاتِ نامزدگی ریٹرننگ آفیسر کے دفتر، 10 کورٹ اسٹریٹ لاہور، میں جمع کروائے جائیں گے۔