لاہور:وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کی گرفتاری روک دی اور بچوں پر ہتھکڑیاں لگانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعلیٰ نے اس موقع پر 16 سالہ بچوں کے لیے سمارٹ کارڈ اور موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا اصولی فیصلہ بھی کیا۔ پنجاب بھر میں ٹریفک پولیس کو طلبہ اور عوام کے لیے ہفتۂ آگاہی منانے کی ہدایت دی گئی، اور ہیلمٹ نہ پہننے کی پہلی خلاف ورزی کی صورت میں صرف وارننگ چالان جاری کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ کم عمر بچوں کا قصور نہیں، والدین اور معاشرہ ہیلمٹ پہننے کی عادت ڈالیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو روڈ سیفٹی کی اہمیت سے آگاہ کریں اور ٹریفک پولیس کو عوام کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آنے کی ہدایت دی۔
اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 2445 پولیس گاڑیاں قانون کی زد میں آئیں۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ٹریفک قوانین عوام کی جان کی حفاظت کے لیے ہیں اور ہر شہری کو اپنی حفاظت کے لیے ان پر عمل کرنا ہوگا۔