Get Alerts

بجلی 2 روپے 59 پیسے فی یونٹ سستی

بجلی 2 روپے 59 پیسے فی یونٹ سستی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: شہر قائد کے باسیوں کیلئے خوشخبری ہے کہ دسمبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت 2 روپے 59 پیسے کم ہو گی جس کے باعث صارفین کو 3 ارب روپے کا فائدہ پہنچے گا جبکہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے اس معاملے میں تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) کی جانب سے دسمبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 1 روپے 79پیسے کمی کی درخواست کی گئی تھی جس پر چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیرصدارت درخواست پر سماعت کی گئی ۔ 
دوران سماعت نیپرا نے کے الیکٹرک کی درخواست میں کچھ مزید ایڈجسٹمنٹ کیں اور بتایاکہ دسمبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 2روپے 59پیسے سستی ہو گی۔ کے الیکٹرک نے چیئرمین نیپرا کو بتایا کہ دسمبر ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی سستی ہونے کی بڑی وجہ فرنس آئل کاکم استعمال ہے۔ 
چیئرمین نیپرا نے سوال کیا کہ کے الیکٹرک اورسوئی سدرن کے درمیان گیس سپلائی معاہدے کا کیا بنا? جس پر انہیں بتایا گیا کہ سوئی سدرن کے ساتھ بات چیت جاری ہے تو چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ کے الیکٹرک سوئی سدرن کے علاوہ کہیں اور سے فیول انتظامات کرسکتی ہے؟ جس پر سی ایف او کے الیکٹرک عامر غازیانی نے بتایا کہ متبادل فیول انتظامات کا جائزہ بھی لے رہے ہیں۔

دوران سماعت کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے تنویر باری نے کے الیکٹرک کے پاور پلانٹس کا ٹیکنیکل آڈٹ کرنے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ نیپرا جرمانے کرتا ہے تو کے الیکٹرک عدالت میں چلی جاتی ہے۔

ٹیگز: