کیلیفورنیا : گوگل نے اپنی مقبول نیویگیشن سروس، گوگل میپس میں ایک طاقتور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) فیچر کا اضافہ کیا ہے جو ڈرائیونگ کے علاوہ پیدل چلنے والوں اور سائیکل چلانے والوں کے لیے بھی کارآمد ثابت ہوگا۔
اس فیچر کو "جیمنائی فار میپس" کہا گیا ہے، جو نومبر 2025 میں پہلی بار متعارف کرایا گیا تھا اور اس کا مقصد صارفین کو ڈرائیو کرتے وقت ہینڈز فری نیویگیشن فراہم کرنا تھا۔ اب گوگل نے اسے مزید بہتر بناتے ہوئے پیدل چلنے والے اور سائیکل چلانے والے صارفین کے لیے بھی دستیاب کر دیا ہے۔
اس نئے فیچر کی مدد سے آپ کو اب کسی بھی علاقے میں پیدل چلتے ہوئے یا سائیکل چلاتے ہوئے گوگل میپس کے ذریعے فوری طور پر ہینڈز فری جوابات ملیں گے۔ صرف "اوکے گوگل" کہہ کر آپ اپنے سوالات پوچھ سکتے ہیں اور جیمنائی سے اپنے راستے، قریبی مقامات یا دیگر ضروری معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
گوگل نے اس فیچر کو دنیا بھر میں دستیاب کرنے کا اعلان کیا ہے، اور یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر استعمال کیا جا سکے گا۔ تاہم، یہ فیچر ویب ورژن پر دستیاب نہیں ہوگا۔
جیمنائی فار میپس کا ایک اور دلچسپ پہلو یہ ہے کہ آپ اس کی مدد سے مختلف افراد کو ٹیکسٹ بھی بھیج سکتے ہیں، لیکن ایسا صرف تب ممکن ہو گا جب آپ اسے پرمیشن دیں گے۔گوگل کے مطابق، یہ نیا فیچر دنیا بھر کے صارفین کے لیے اگلے چند ہفتوں میں دستیاب ہو جائے گا۔