اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ کسی بھی 'اگر مگر' کے بغیر دہشت گردوں کو دہشت گرد کہا جائے۔ سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں حقوق کی کوئی جنگ نہیں بلکہ یہ محض دشمن کی ایما پر کی جانے والی مجرمانہ کارروائیاں ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے دہشت گردوں کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چند گروہ مل کر معصوم لوگوں کو نشانہ بنارہے ہیں، دہشت گرد بسوں سے مسافروں کو اتار کر ان کے اہل خانہ کے سامنے شہید کر دیتے ہیں اور جعفر ایکسپریس جیسے واقعات میں بے گناہ جانیں لی جاتی ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب ان دہشت گردوں کی لاشیں کوئٹہ کے ہسپتال لائی گئیں تو وہ کون لوگ تھے جنہوں نے انہیں قبضے میں لیا؟۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ یہ عناصر دشمن کے اشاروں پر پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کا کسی سیاسی حق یا ناراضی سے کوئی تعلق نہیں۔
وزیراعظم کے مشیر نے سینیٹ کو یقین دلایا کہ ریاست ان شرپسند عناصر کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتے گی۔ان دہشت گردوں کے خلاف کسی ابہام کے بغیر بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جیسے 'معرکہ حق' میں دشمن کو شکست و ذلت کا سامنا کرنا پڑا، ان دہشت گردوں کو بھی ویسے ہی عبرت ناک انجام سے دوچار کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے لیے شہریوں کے تحفظ سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے اور امن و امان کی بحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔