لاہور : پاکستان کے بالائی علاقوں میں برفباری نے سردی کی شدت کو بڑھا دیا ہے، خاص طور پر ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کے لیے خوشی کا سامان بن گئی۔ گلیات کے پہاڑوں نے بھی سفید چادر اوڑھ لی ہے اور لواری ٹنل میں ڈیڑھ سے دو فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔
چترال میں 28 انچ، استور میں 2 فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، اور چلاس و اپر دیر کے پہاڑوں پر بھی برفباری سے منظر میں تبدیلی آ گئی ہے۔ بٹگرام میں برفباری کے باعث کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، اور آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں تیسرے روز بھی برفباری جاری رہی۔ اڑنگ کیل چیئر لفٹ پر سیاحوں کا رش بڑھ گیا ہے، لیکن شدید برفباری نے سیاحتی مقامات کی رابطہ سڑکوں کو متاثر کر دیا۔
مظفرآباد اور اس کے گردونواح میں بوندا باندی ہوئی، جبکہ بلوچستان میں بھی سردی کی شدید لہر نے ڈیرے ڈالے ہیں۔ زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی چار ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی، اور لاہور میں آسمان پر بادلوں کا بسیرا رہا جس کے باعث یخ بستہ ہواؤں سے سردی میں مزید اضافہ ہوگیا۔