اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کے کیس میں عادل راجہ اور دیگر ملزمان کو دو، دو بار عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ یہ فیصلہ 9 مئی کیس کےحوالےسےہونے والی سماعت میں اے ٹی سی جج طاہر عباس سپرا کی جانب سے سنایا گیا، جس میں ملزمان کے خلاف ٹرائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کیا گیا۔
عدالت نے عادل راجہ، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو دو، دو بار عمر قید کی سزا دی جبکہ صابر شاکر اور معید پیرزادہ کو بھی دو، دو بار عمر قید کی سزا سنائی۔ مزید برآں، ملزمان کو دیگر دفعات کے تحت مجموعی طور پر 35 سال قید کی سزائیں بھی دی گئیں، اور مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی عائد کی گئی۔
دورانِ سماعت، پراسیکیوشن نے مجموعی طور پر 24 گواہان کو عدالت میں پیش کیا اور ملزمان کی غیر موجودگی میں ٹرائل مکمل کیا۔ پراسیکیوشن کی جانب سے راجہ نوید حسین کیانی نے عدالت میں پیش ہو کر کیس کی پیروی کی۔
عدالت نے تھانہ آبپارہ کے مقدمے میں صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کو عمر قید کی سزا سنائی، جبکہ تھانہ رمنا کے مقدمے میں شاہین صہبائی، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو سزا دی گئی۔ سماعت کے دوران ملزمان کی جانب سے گلفام اشرف گورائیہ ایڈووکیٹ نے عدالت میں پیش ہو کر دفاع کیا۔ گلفام گورائیہ کو عدالت نے ملزمان کا وکیل مقرر کیا تھا۔