لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا ستھرا پنجاب پروگرام نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں منفرد پہچان حاصل کر چکا ہے، اور اس کے مثبت اثرات دیگر صوبوں تک بھی پہنچ رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب کی صفائی اور ستھرا پنجاب پروگرام کے ماڈل سے سندھ اور خیبر پختونخوا بھی متاثر ہو رہے ہیں اور ان صوبوں کی حکومتیں اس سے استفادہ کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کوڑے کو زیر استعمال لاکر بائیو گیس پائلٹ پروجیکٹ بھی شروع کیا ہے اور برطانیہ کے شہر برمنگم کو ستھرا پنجاب پروگرام میں رہنمائی فراہم کی جا چکی ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ اگر کسی صوبے کو پنجاب کے کسی بھی اچھے منصوبے کی فیزیبلٹی چاہیے تو پنجاب ہر طرح کی مدد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کی عالمی سطح پر پذیرائی ہو رہی ہے اور خواہش ہے کہ جیسے پنجاب صاف ستھرا ہے، باقی صوبے بھی اسی طرح صاف ستھرے ہوں۔
عظمیٰ بخاری نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات اور الزام تراشی کی بجائے ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا چاہیے تاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں کو فروغ دیا جا سکے۔