وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری طاہر خورشید کیخلاف نیب تحقیقات کا آغاز  

NAB launches probe against Punjab Chief Minister's Principal Secretary Tahir Khurshid
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اہم بیوروکریٹ اور وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری طاہر خورشید کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

نیب لاہور نے طاہر خورشید کو 8 جولائی بروز جمعرات کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ طاہر خورشید پر بطور سیکرٹری مواصلات مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کی شکایات پر کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔

قومی احتساب بیورو نے مختلف اداروں سے طاہر خورشید کے اثاثہ جات کی تفصیلات بھی مانگ لی ہیں۔

طاہر خورشید پر سیکرٹری مواصلات ہوتے ہوئے مبینہ طور پر من پسند افراد کو کروڑوں روپے کے ٹھیکے دلوانے کا الزام ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کی جانب سے ایف بی آر، محکمہ ایکسائز اور محکمہ ریونیو سمیت متعدد اداروں کو خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طاہر خورشید کیخلاف موصول شکایات کے مطابق انہوں نے اپنے موجود وسائل سے خطیر اثاثہ جات بنائے جن پر تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔