Get Alerts

ملک کے متعدد شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس

ملک کے متعدد شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بدھ کی شب زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا۔ اچانک آنے والی لرزش کے باعث متعدد افراد گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں سے باہر نکل آئے اور کھلے مقامات کا رخ کیا۔

زلزلے کی شدت اسلام آباد کے علاوہ پشاور، ایبٹ آباد، مردان، چارسدہ، باجوڑ، شانگلہ اور بٹگرام سمیت مختلف شہروں میں بھی محسوس کی گئی۔ بعض علاقوں میں زمین چند لمحوں تک لرزتی رہی، جس پر شہری احتیاطاً باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 174 کلومیٹر تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا، جہاں آنے والے زلزلوں کے اثرات اکثر پاکستان کے شمالی اور وسطی علاقوں تک پہنچتے ہیں۔

ابتدائی رپورٹس میں کسی جانی نقصان یا املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ تاہم ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں صرف متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

واضح رہے کہ اس سے تین روز قبل بھی اسلام آباد اور ملک کے متعدد علاقوں میں 5.9 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا، جس کا مرکز بھی افغانستان کا ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا، جبکہ اس کی گہرائی 191 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔

ٹیگز: