لاہور: باغبانپورہ کے علاقے میں ایک سکول کی عمارت میں تعمیراتی کام کے دوران دیوار گرنے کے بعد لینٹر بھی گر گیا، جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 8 سالہ ابوبکر موقع پر دم توڑ گیا، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق شالیمار ٹاؤن میں سکول انتظامیہ ساتھ والی عمارت کو مرکزی سکول سے ملانے کا کام کر رہی تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ واقعے کے وقت سکول کی دوسری عمارت میں موجود بچے محفوظ رہے۔
پابندی کے باوجود غیر رجسٹرڈ سکول میں غیر قانونی سمر کیمپ جاری تھا جہاں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ اسی سکول کی دوسری عمارت میں بچے معمول کے مطابق پڑھ رہے تھے کہ اچانک صورتحال خراب ہو گئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق 60 سے زائد طلبہ اور 8 اساتذہ کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ زخمی ہونے والوں میں متعدد افراد کے سر پر گہری چوٹیں اور مختلف فریکچرز رپورٹ ہوئے، تاہم ایم ایس کے مطابق زخمیوں میں کوئی بچہ شامل نہیں اور تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک بچہ سکول کے گیٹ سے باہر نکلتے ہوئے ملبے کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔
حکومتی سطح پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور اور ڈی جی ریسکیو سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کا احتساب کیا جائے گا اور ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی سے بھی رپورٹ مانگی گئی ہے۔
غیر قانونی سمر کیمپس کی روک تھام میں غفلت برتنے پر ایک اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر اور ایلیمنٹری ونگ کی اے ای او طاہرہ نذیر کو معطل کر دیا گیا ہے۔ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ پانچ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔