لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ازبکستان کے خود مختار خطے قراقالپاقستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون کے مختلف شعبوں کو وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران تجارت، زراعت، لائیوسٹاک اور صنعتی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب اور قراقالپاقستان کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ کیا جائے تاکہ معاشی تعلقات مزید مستحکم ہو سکیں۔
زرعی تعاون کے تحت قراقالپاقستان کو آلو کی کاشت کے لیے 100 سے 200 ہیکٹر زمین فراہم کرنے کے امکان کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ زرعی پیداوار میں بہتری لائی جا سکے۔
اس کے علاوہ لاہور اور نوکوس کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، جس کا مقصد دونوں خطوں کے درمیان ثقافتی اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینا ہے۔
ملاقات کو دونوں خطوں کے درمیان مستقبل میں تعاون کے نئے امکانات کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔