اسلام آباد :سپریم کورٹ آف پاکستان میں جیل اصلاحات سے متعلق قومی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شرکت کی اور خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ اس فورم پر سیاسی گفتگو سے گریز کرنا چاہتی ہیں اور ان کی توجہ صرف جیل اصلاحات اور قیدیوں کی فلاح و بہبود پر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے جیلوں میں متعدد اصلاحاتی اقدامات کیے ہیں جن میں قیدیوں کے لیے ویڈیو لنک ملاقاتوں کی سہولت اور ایمرجنسی بٹن کا نظام شامل ہے۔
مریم نواز نے اپنے ذاتی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ جیل میں قید تنہائی اور مشکلات نے انہیں قیدیوں کی صورتحال کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع دیا۔ ان کے مطابق جیل میں قیام کے دوران انہیں اور ان کے خاندان کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ قید تنہائی اور جیل کے حالات قیدی کی ذہنی اور جسمانی صحت پر گہرے اثرات ڈالتے ہیں، اس لیے ذہنی صحت کی سہولیات، کونسلنگ اور بحالی کے پروگرام انتہائی ضروری ہیں۔ وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ قیدیوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ اور شفاف انصاف ہر شہری کا حق ہے، اور جیلوں کو سزا کے بجائے اصلاح اور بحالی کا مرکز بنایا جانا چاہیے۔