اسلام آباد: پاکستان کے مختلف شہروں سے انٹرنیٹ سروس کی رفتار سست ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے باعث صارفین کو آن لائن سرگرمیوں کے دوران مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
انٹرنیٹ کی کارکردگی پر نظر رکھنے والے پلیٹ فارم ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق ملک کے متعدد علاقوں میں صارفین نے انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی سے متعلق مسائل رپورٹ کیے ہیں، جس سے مختلف آن لائن سروسز بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
تاحال انٹرنیٹ سروس میں سست روی کی وجہ سامنے نہیں آ سکی، جبکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی اس معاملے پر کوئی باضابطہ وضاحت یا اعلامیہ جاری نہیں کیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بڑی تعداد میں صارفین انٹرنیٹ کی رفتار کم ہونے کی شکایات شیئر کر رہے ہیں اور متعلقہ حکام سے مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔