سمبڑیال : پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 سمبڑیال کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے 78,702 ووٹ حاصل کرکے میدان مار لیا۔
حنا ارشد وڑائچ نے فاخر نشاط گھمن کو بھاری مارجن سے شکست دی، جو کہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار تھے۔ فاخر نشاط گھمن کو 39,018 ووٹ ملے۔ یوں ن لیگی امیدوار کو 39,684 ووٹوں کی واضح برتری حاصل ہوئی۔ ریٹرننگ آفیسر نے فارم 47 جاری کر دیا ہے۔
انتخابی عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پرامن طور پر جاری رہا، صرف چند لمحوں کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ووٹنگ روکی گئی۔ تاہم، دن بھر پولنگ اسٹیشنز پر سیاسی گہما گہمی دیکھی گئی، دونوں جماعتوں کے کارکنان میں نعرے بازی اور معمولی جھڑپیں بھی ہوئیں۔ بعض مقامات پر دھاندلی کے الزامات بھی سامنے آئے مگر کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں کل 2 لاکھ 96 ہزار 563 رجسٹرڈ ووٹرز تھے جن کے لیے 185 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے، جن میں سے 11 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔
جیت کے بعد حنا ارشد وڑائچ نے اپنی کامیابی کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور اپنے مرحوم والد چودھری ارشد وڑائچ کے نام کیا، جن کے انتقال کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔ کامیابی کی خوشی میں ان کے گھر پر جشن منایا گیا، کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور آتشبازی کی۔