Get Alerts

وزیراعلیٰ پنجاب کی اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ پنجاب کی اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی وطن عزیز کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے مسائل کا فوری حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ تمام سرکاری محکمے اور ضلعی انتظامیہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔

یہ ہدایات انہوں نے اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر افضال بھٹی سے ملاقات کے دوران دیں، جس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے بیرون ملک مقیم افراد کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

افضال بھٹی نے او پی ایس ہاؤسنگ سوسائٹی اور سکول کے معاملات سے بھی آگاہ کیا، جبکہ اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب کو فعال اور متحرک بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر وزیراعلیٰ آفس، چیف سیکرٹری آفس اور آئی جی آفس میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے فوکل پرسن مقرر کرنے کا اعلان کیا تاکہ شکایات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

ملاقات کے دوران افضال بھٹی نے "آپریشن بنیان مرصوص" کی کامیابی پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی اور کہا کہ پوری دنیا میں مقیم اوورسیز پاکستانی بھارت کے خلاف حالیہ کامیابی پر جشن منا رہے ہیں، اور وہ حکومت پاکستان اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے تمام مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت کا فوکل پرسن بیرون ملک مقیم بھائیوں کے مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ٹیگز: