اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر 5 جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوگی، جس کے لیے نیب نے خصوصی پراسیکیوشن ٹیم قائم کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد پراسیکیوٹر جنرل سید احتشام قادر شاہ کی ہدایت پر پانچ رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جو عدالت میں نیب کا مؤقف پیش کرے گی۔
اس ٹیم کی قیادت سینئر پراسیکیوٹر سردار مظفر احمد خان کریں گے، جبکہ ٹیم کے دیگر ارکان میں عرفان احمد، سہیل عارف، رافع مقصود اور یاسر سلیم رانا شامل ہیں۔ نیب کے مطابق یہ ٹیم 190 ملین پاؤنڈز کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ کی جانب سے دائر سزاؤں کے خلاف اپیلوں اور سزا معطلی کی درخواستوں پر عدالت کی معاونت کرے گی۔
واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اپنی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں، جن پر 5 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت متوقع ہے۔