Get Alerts

پاکستان کا سفارتی ردعمل، طارق فاطمی آج ماسکو کے لیے روانہ ہوں گے

پاکستان کا سفارتی ردعمل، طارق فاطمی آج ماسکو کے لیے روانہ ہوں گے

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے تناظر میں عالمی برادری کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے سفارتی سطح پر متحرک کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور، سید طارق فاطمی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد آج ماسکو روانہ ہوگا۔

دفتر خارجہ کے مطابق، اس اقدام کا مقصد بھارت کے غیرذمہ دارانہ اور جارحانہ رویے کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنا اور پاکستان کے پُرامن، قانونی اور ذمہ دارانہ مؤقف کو اجاگر کرنا ہے۔

اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پہلا وفد نیویارک پہنچ چکا ہے جو امریکا، برطانیہ اور یورپ میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کرے گا۔ اس وفد میں سابق وزرائے خارجہ، سینیٹرز، سفارتکار اور حکومتی نمائندگان شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ وفود اقوام متحدہ کے حکام، سلامتی کونسل کے مستقل اراکین، او آئی سی سفرا، تھنک ٹینک اداروں اور عالمی میڈیا سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔

حکام کے مطابق ان سفارتی کوششوں کا مقصد بین الاقوامی برادری کو اس بات پر آمادہ کرنا ہے کہ وہ خطے میں امن کے قیام، بھارت کی اشتعال انگیزی کی روک تھام اور سندھ طاس معاہدے کے مکمل نفاذ میں کردار ادا کرے۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ یہ ملاقاتیں صرف رسمی پروٹوکول نہیں بلکہ پاکستان کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہے جو بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے امن و استحکام کو ترجیح دیتا ہے۔

ٹیگز: