کراچی: شہر قائد میں زلزلوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آٹھویں بار زمین لرز اٹھی، جس سے شہری شدید خوف اور بے چینی کا شکار ہو گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق تازہ جھٹکے 8 بج کر 49 منٹ پر محسوس کیے گئے، جن کی شدت ریکٹر سکیل پر 3 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 13 کلومیٹر اور مرکز ڈی ایچ اے کے مشرق میں 30 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔
زلزلے کے باعث شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق ان جھٹکوں سے کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
چیف میٹرو لوجسٹ کا کہنا ہے کہ فالٹ لائن میں غیر معمولی سرگرمی دیکھی جا رہی ہے اور اگلے دو روز تک زلزلے کے جھٹکوں کا امکان موجود ہے۔