نیویارک :اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے خطے کے امن و استحکام کو صرف اور صرف بات چیت سے مشروط کرتے ہوئے لبنان پر اسرائیلی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سلامتی کونسل کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ کاغذی طور پر جنگ بندی کے باوجود لبنان میں زمین پر انسانی صورتحال تاحال المناک بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خطے میں جاری فوجی کارروائیاں بند نہ ہوئیں تو یہ تنازع مزید پھیل جائے گا۔
اپنے خطاب کے دوران پاکستانی مستقل مندوب نے رومانیہ کی فضائی حدود کی حالیہ خلاف ورزی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ یوکرین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عاصم افتخار نے عالمی برادری کی توجہ اس اہم نکتے کی طرف مبذول کروائی کہ یوکرین تنازع نے دنیا بھر میں جدید جنگی حکمت عملی کے روایتی ڈھانچے کو یکسر تبدیل کر دیا ہے، اس لیے مسائل کا حل جنگ کے بجائے سفارت کاری میں ڈھونڈا جائے۔