اسلام آباد:وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کے تحت ڈیجیٹل معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کرپٹو ٹرانزیکشنز پر کیپٹل گین ٹیکس عائد کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے مالیاتی بل میں کرپٹو ٹریڈنگ سے ہونے والے منافع پر 15 سے 30 فیصد تک کیپٹل گین ٹیکس لاگو کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والی حالیہ مشاورت کے بعد کرپٹو سیکٹر کو باقاعدہ ٹیکس کے دائرہ کار میں لانے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ آئی ایم ایف نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے ورچوئل اثاثوں کے رجحان کو دستاویزی شکل دی جائے اور تمام تر ڈیجیٹل کاروبار پر گین ٹیکس عائد کیا جائے، جس کے پیشِ نظر ایف بی آر اور وزارتِ خزانہ نے نئے بجٹ میں ان تجاویز کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔