گلگت :پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ ملے نہ ملے وہ گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، انہوں نے کبھی کسی کی برائی یا تنقید کر کے ووٹ نہیں مانگا بلکہ ہمیشہ اپنی کارکردگی کو پیش کیا ہے۔ گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے سلسلے میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے 2017ء میں جی بی کی ترقی کے لیے کمیٹی بنائی تھی لیکن 2018ء میں ن لیگ کی حکومت کو فارغ کر دیا گیا، یہاں مسلم لیگ (ن) نے ہسپتال، ہائیڈل پاور پلانٹس اور ننگر منصوبہ مکمل کیا جبکہ کسی دوسری جماعت نے یہاں کوئی کام نہیں کیا۔
نواز شریف نے خطے کے لیے اپنے وژن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کو اتنا خوشحال کر دیں گے کہ لوگوں کو گھر بیٹھے روزگار اور پیسے ملیں گے۔ انہوں نے سردیوں اور گرمیوں میں ہونے والی طویل لوڈشیڈنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں دھوپ اور پانی کی وافر موجودگی کے باعث توانائی کا مسئلہ ہونا ہی نہیں چاہئے تھا، ن لیگ اقتدار میں آکر یہاں کے لوگوں کو اپنے گھر بنانے کے لیے آسان قرضے بھی فراہم کرے گی۔