روپے کے مقابلے میں ڈالر ایک سال کی کم ترین سطح پر آ گیا

روپے کے مقابلے میں ڈالر ایک سال کی کم ترین سطح پر آ گیا
کیپشن: روپے کے مقابلے میں ڈالر ایک سال کی کم ترین سطح پر آ گیا
سورس: فائل فوٹو

کراچی: ملک بھر میں روپے کی قدر میں مزید بحالی کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی ڈالر ایک سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا جبکہ بیرونی قرضوں میں 10 کھرب روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 19 پیسے سستا ہو گیا جس کے بعد نئی قیمت 157 روپے 85 پیسے ہو گئی ہے۔

امریکی ڈالر سستا ہونے کے بعد انٹر بینک میں امریکی ڈ الر تقریبا ایک سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے اور 10 مارچ 2020 میں ڈالر 157 روپے 35 پیسے کی سطح پر تھا۔

خیال رہے کہ 26 اگست 2020ء کو روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 168 روپے 43 پیسے کی سطح پر تھا۔ چھ ماہ کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 6.4 فیصد سستا ہوا جس کے باعث بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 1160 ارب روپے کمی ریکارڈ کی گئی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں مزید بہتری آ سکتی ہے۔ جنوری 2020 میں روپے کی قدر 155 روپے تھی اگر 155 کی نفسیاتی حد ٹوٹ جاتی ہے تو قوی امکان ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 150 کے قریب آ سکتا ہے۔