افغانستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مقامی ٹی وی کی 3 خواتین ورکرز جاں بحق

افغانستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مقامی ٹی وی کی 3 خواتین ورکرز جاں بحق
کیپشن: افغانستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مقامی ٹی وی کی 3 خواتین ورکرز جاں بحق
سورس: فوٹو/بشکریہ رائٹرز

جلال آباد: افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں مسلح افراد کی فائرنگ سے مقامی ٹی وی کی تین خواتین ورکر جاں بحق ہو گئیں۔

افغان میڈیا کے مطابق جلال آباد میں فائرنگ کے دو الگ واقعات میں تینوں خواتین کو قتل کیا گیا جبکی تینوں خواتین کا تعلق ایک ہی میڈیا گروپ سے تھا۔ دو خواتین پر جلال آباد میں پولیس ڈسٹرکٹ (پی ڈی) ون میں دفتر سے گھر واپس جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس سے 2 خواتین جاں بحق ہو گئیں جن کی شناخت سعدیہ اور شہناز کے نام سے ہوئی۔

اس واقعے کے کچھ دیر بعد جلال آباد کے پی ڈی 4 میں بھی دفتر سے گھر جاتے ہوئے ایک اور خاتون پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگئیں جبکہ تیسری خاتون کی شناخت مرسل حبیبی کے نام سے ہوئی ہے۔ فائرنگ کے واقعات میں مزید 2 راہگیر خواتین بھی زخمی ہوئی ہیں جنہیں اسپتال میں منتقل کرنے کے بعد طبی امداد دی جا رہی ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق تیسری قتل ہونے والی خاتون کے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس سے تفتیش شروع کر دی ہے۔  دوسری جانب طالبان نے فائرنگ کے واقعات میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے جبکہ تاحال کسی اور گروپ نے بھی ذمہ داری نہیں قبول کی ہے۔