خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر رانا ثناء اللہ کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

 خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر رانا ثناء اللہ کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
کیپشن: رانا ثناء اللہ کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع، فوٹو بشکریہ فیس بک

لاہور:تحریک انصاف کی خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر وزرا رانا ثناء اللہ  اور عابد شیر علی کے خلاف 2مزید مذمتی قراردادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئیں۔

تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا کی طرف سے جمع کروائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ خواتین ملکی آبادی کی 58 فیصد ہیں پھر بھی رانا ثناء اللہ  اور عابد شیر علی جیسے پست ذہنیت کے لوگ خواتین کو نشانہ بنانے میں کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ان لوگوں نے خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کر کے خواتین کے حقوق کی باتیں کرنے والے حکمرانوں کو پول کھول دیا ہے لہذا پنجاب کا یہ مقدس ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ ان دونوں افراد کو سرکاری عہدوں سے فارغ کیا جائے اور رانا ثناء اللہ اور عابد شیر علی اپنے اس بیان پر قوم سے معافی مانگیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: وفاقی حکومت نے گوگل، یوٹیوٹ کے استعمال پر فیس لگا دی
 رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ رانا ثناء اللہ کے بیان پر سوموٹو ایکشن لیں تاکہ آئندہ خواتین کی توہین کرنے کی روایت ختم ہو سکے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کی بیٹی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
 مسلم لیگ (ق)کے رکن اسمبلی چوہدری عامر سلطان چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ نہ صرف ووٹ کو عزت دو بلکہ خواتین کو بھی عزت دو۔جس کسی نے بھی ماں،بہن،بیٹی کا دل دکھایا،اس نے سکھ نہ پایا۔صنف نازک کا احترام اسلامی،اخلاقی اور مذہبی طور پر ہم سب پر لازم ہے۔وزیر قانون رانا ثناء اللہ  نے خواتین سے متعلق جو گھٹیا خیالات کا اظہار کیا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں انکے اس بیان سے ملک بھر کی خواتین میں سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے۔انکا مطالبہ ہے کہ رانا ثناء اللہ  اپنے بیان پر معافی مانگیں۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ  سمیت تمام سیاستدانوں کو پابند کیا جائے کہ وہ کسی بھی عورت سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے سے گریز کریں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں