Get Alerts

پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن کامیابی سے شروع، پہلی پرواز کراچی سے مدینہ روانہ

پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن کامیابی سے شروع، پہلی پرواز کراچی سے مدینہ روانہ

کراچی: قومی ایئر لائن پی آئی اے نے رواں سال کا قبل از حج آپریشن کامیابی سےآغاز  کر دیا ہے۔ پہلی حج پرواز پی کے 743 آج علی الصبح کراچی سے 397 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔

پرواز کی روانگی کے موقع پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق نے عازمین کو رخصت کیا، انہیں پھول اور تحائف پیش کیے، اور خوشگوار سفر کی دعائیں دیں۔

عازمین نے پی آئی اے کے انتظامات کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے اب تک ملک بھر سے 2500 سے زائد عازمین کو سعودی عرب پہنچا چکی ہے۔ اس آپریشن میں بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال  ہوں گے۔

صرف کراچی سے 7200 سے زائد عازمین کو 39 خصوصی پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں پروازیں مدینہ جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں جدہ کے لیے روانہ ہوں گی۔

پی آئی اے مجموعی طور پر 117 خصوصی پروازوں کے ذریعے 35 ہزار 200 سرکاری عازمین کو سعودی عرب منتقل کرے گی، جن کا آغاز کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان اور پشاور سے کیا گیا ہے۔ قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا۔

ٹیگز: