Get Alerts

قائد اعظم کا دو قومی نظریہ سچ ثابت ، دو بیٹیوں کی ماں پاکستانی خاتون کو بھارت سے 41 سال بعد ملک بدر کر دیا گیا

قائد اعظم کا دو قومی نظریہ سچ ثابت ، دو بیٹیوں کی ماں پاکستانی خاتون کو بھارت سے 41 سال بعد ملک بدر کر دیا گیا

نئی دہلی: بھارت میں 41 سال سے مقیم ایک پاکستانی خاتون کو بھارتی حکام نے ملک بدر کر دیا، حالانکہ وہ ایک بھارتی شہری سے شادی شدہ ہیں اور ان کی دو بیٹیاں بھی بھارت میں رہتی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، خاتون کو اچانک وطن واپسی پر مجبور کیا گیا، جبکہ ان کا کہنا ہے کہ ان کا پاکستان میں اب کوئی گھر یا سہارا موجود نہیں ہے۔ خاتون نے شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اور ان جیسے دیگر لوگوں کو کشمیر کے پہلگام حملے کی اجتماعی سزا دی جا رہی ہے، حالانکہ ان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔

خاتون نے سوال اٹھایا کہ "اگر ہمارا اس حملے سے کوئی لینا دینا نہیں، تو ہمیں بھارت سے کیوں نکالا جا رہا ہے؟" وہ اپنی بیٹیوں اور خاندان کو پیچھے چھوڑ کر بھارت سے رخصت ہو رہی ہیں، جو ان کے لیے ایک جذباتی اور تکلیف دہ لمحہ ہے۔

اس اقدام پر بھارت میں موجود شدت پسند حلقے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ انسانی حقوق کے حوالے سے یہ ایک تشویشناک معاملہ بنتا جا رہا ہے۔ اس سے قبل اوڈیشہ میں بھی ایک اور پاکستانی خاتون شردا بائی، جو 35 سال سے بھارت میں مقیم تھیں، کو ویزا منسوخ کر کے ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اگر وہ بھارت نہ چھوڑیں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ تمام اقدامات پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کیے گئے غیر عسکری ردعمل کا حصہ بتائے جا رہے ہیں۔

ٹیگز: