لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے پہلے مرحلے کا مرحلہ وار جائزہ لیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو منصوبوں کی نگرانی مزید مؤثر بنانے اور ماہانہ ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سینئر وزیر اور چیف سیکرٹری پنجاب کو ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ذمہ داری سونپی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس کے دوران منصوبوں کا تصویری معائنہ بھی کیا اور ہدایت کی کہ میونسپل کارپوریشن لاہور کے تحت 3705 جبکہ واسا کے تحت 230 گلیوں کی تعمیر و بحالی 30 جون تک مکمل کی جائے۔ واسا کے ورکس میں شامل مزید 1573 گلیوں کی مرمت کے لیے 31 جولائی کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے دوسرے مرحلے میں علامہ اقبال ٹاؤن، عزیز بھٹی ٹاؤن اور واہگہ ٹاؤن میں گلیوں کی تعمیر و مرمت سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہوں گے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں تاخیر ناقابل قبول ہے کیونکہ اس سے شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتی ہیں اور عوام کو مشکلات میں نہیں دیکھ سکتیں۔