لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی ٹائم لائن اور تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں صاف پانی کی فراہمی، واٹر فلٹریشن پلانٹس، مثالی گاؤں پراجیکٹ اور دیگر ترقیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کو مثالی گاؤں پراجیکٹ اور لاہور و پنجاب کے دیگر ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے دور دراز علاقوں میں واٹر پمپ لگانے کی تجویز پر غور کرتے ہوئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تکمیل کے لیے 30 جون 2026 کی حتمی تاریخ مقرر کی اور کہا کہ منصوبے وقت پر مکمل کیے جائیں۔ لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی اور بعض منصوبوں میں تاخیر پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب کے مختلف شہروں میں بیوٹیفکیشن منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے تحت لاہور میں 51، راولپنڈی میں 64، فیصل آباد میں 37، ملتان میں 75، سرگودھا میں 45، گوجرانوالہ میں 64، ڈیرہ غازی خان میں 51، بہاولپور میں 61، گجرات میں 53 اور ساہیوال میں 49 بیوٹیفکیشن منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی شکایات کو فوری دور کیا جائے گا، واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر، مرمت اور بحالی کے لیے ایک باقاعدہ نظام وضع کیا جائے گا تاکہ عوام کو معیارِ زندگی بہتر بنانے کے اقدامات بروقت پہنچ سکیں۔