لاہور : لاہور کے علاقے کاہنہ میں غیرت کے نام پر دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں دو سگے بھائیوں نے اپنی ہی ماں اور بہن کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے باپ اور دونوں بیٹوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ رخسانہ اور ان کی بیٹی رمشا کو ملزمان، 15 سالہ علی حسن اور 17 سالہ زین، نے گلا کاٹ کر بے رحمی سے قتل کیا۔ دونوں ملزمان کو ان کے والد یوسف کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
واقعہ صوئے آصل کے علاقے میں پیش آیا جہاں اطلاع ملتے ہی پولیس نے ایک گھنٹے کے اندر اندر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ دو ماہ قبل ماں بیٹی کے گھر سے بھاگنے پر مقدمہ نمبر 2506/25 درج کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز جب ماں بیٹی واپس گھر لوٹیں تو دونوں بیٹوں نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا۔