اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع کا آغاز ہو گیا ہے، جس میں ملک بھر سے تقریباً ڈھائی لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جامعہ ابوالقاسم تبلیغی مرکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد تبلیغی مرکز کے اکابرین سے ملاقات کی اور اجتماع کے لیے کیے گئے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شرکاء کے لیے سیکیورٹی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے ایک اہم نکتے پر تبلیغی مرکز کی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا ہم تبلیغی مرکز کے منتظمین کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے دوران قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے اجتماع کو ملتوی کیا۔ آپ کے اس تعاون سے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں بڑی مدد ملی۔
منتظمین کے مطابق اجتماع میں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے، جس کے لیے وسیع پیمانے پر پنڈال اور رہائشی انتظامات کیے گئے ہیں۔اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجتماع گاہ کے گردونواح میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ وزیر داخلہ نے ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے تبلیغی جماعت کی دعاؤں اور کوششوں کو سراہا۔
3 روزہ اجتماع کے اختتام پر اتوار کے روز اجتماعی دعا کرائی جائے گی جس میں ملکی سلامتی اور عالمِ اسلام کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔