Get Alerts

خیبر پختونخوا میں ایچ آئی وی/ایڈز کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ

خیبر پختونخوا میں ایچ آئی وی/ایڈز کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ

پشاور: خیبر پختونخوا میں ایچ آئی وی/ایڈز کے کیسز میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے، جہاں سال 2026 کے ابتدائی چار ماہ کے دوران 481 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق نئے کیسز میں اضافے کے بعد صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے اور طبی ماہرین نے اسے ایک بڑا صحت عامہ کا چیلنج قرار دیا ہے۔

خیبر پختونخوا ایڈز کنٹرول پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق حیات نے بتایا کہ تازہ اعداد و شمار کے بعد صوبے میں ایچ آئی وی متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 10 ہزار 281 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 9 ہزار 800 تھی۔

جاری اعداد و شمار کے مطابق متاثرہ افراد میں 7 ہزار 178 مرد، 2 ہزار 381 خواتین اور 235 خواجہ سرا شامل ہیں، جبکہ 15 سال سے کم عمر 487 بچے بھی اس مرض کا شکار ہیں، جو صورتحال کی سنگینی کو واضح کرتا ہے۔

ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ علاج کی سہولیات موجود ہیں، تاہم مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عوامی آگاہی میں اضافہ، احتیاطی تدابیر پر عمل اور بروقت تشخیص کو مزید مؤثر بنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
 
 
 

ٹیگز: