انڈیا میں دلت کو اونچی ذات والوں کا رقص دیکھنے پر قتل کر دیا گیا

انڈیا میں دلت کو اونچی ذات والوں کا رقص دیکھنے پر قتل کر دیا گیا

نئی دہلی : بھارتی ریاست گجرات میں نچلی ذات سے تعلق رکھنے والے ایک دلت شخص کو روایتی ہندو رقص دیکھنے پر اونچی ذات سے تعلق رکھنے والے چند افراد نے قتل کردیا۔

اطلاعات کے مطابق21 سالہ جیش سولانکی اور ان کے کزن پرکاش پر اتوار یکم اکتوبرکو اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ 9 روزہ ہندو فیسٹیول نورتری کے دوران منعقد ہونے والے گربہ ڈانس کو دیکھنے گئے۔مقامی پولیس سپرنٹنڈنٹ آنند سورابھ نے اے ایف پی کو بتایا، جیش سولانکی کے قتل کے الزام میں 8 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق انہیں مقتول کے کزن پرکاش کی جانب سے شکایت موصول ہوئی، جس میں انہوں نے بتایا کہ اونچی ذات سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ان سے پوچھا کہ وہ یہ ڈانس پرفارمنس کیوں دیکھ رہے ہیں، جس کے بعد اس نے کچھ نازیبا الفاظ ادا کیے اور پھر 7 دیگر افراد کے ہمراہ ان دونوں پر تشدد کرنا شروع کردیا۔

مذکورہ افراد نے پہلے پرکاش کو تھپڑ مارا اور جب جیش نے لڑائی روکنے کی کوشش کی تو اسے اتنی زور سے دھکا دیا گیا کہ اس کا سر دیوار سے ٹکرایا اور وہ نیچے جا گرا۔جیش کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔حملہ آوروں کا کہنا تھا کہ دلتوں کو گربہ ڈانس دیکھنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

خیال رہے کہ دلت جنھیں عام طور پر اچھوت تصور کیا جاتا ہے عام طور پر ہندوستان میں مردہ جانوروں کی باقیات اٹھانے کا کام کرتے ہیں۔ہندوستان میں دلتوں پر بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد ملک کے وزیراعظم نریندر مودی نے گذشتہ دنوں ملک میں دلتوں پر حملوں کو بند کرنے پر زور دیا تھا۔