کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے اپنی انسٹنٹ میسجنگ ایپلیکیشن میں ایک دلچسپ نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کی آزمائش شروع کر دی گئی ہے۔ اس فیچر کے تحت صارفین اپنی اسٹوری یا اسٹیٹس دیکھنے والے افراد کو براہ راست میسیج کر سکیں گے، بغیر چیٹ لسٹ کھولے۔
موجودہ وقت میں صارفین کو اپنی اسٹوری دیکھنے والوں کی فہرست میں صرف نام نظر آتے ہیں اور میسیج کرنے کے لیے انہیں چیٹ سیکشن میں جانا پڑتا ہے۔ تاہم، نئے فیچر میں اسٹوری دیکھنے والے ہر فرد کے ساتھ ایک میسج آئیکون بھی نظر آئے گا، جس پر کلک کر کے فوری طور پر پیغام بھیجا جا سکے گا۔
واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کی ابتدا محدود صارفین کے لیے کی گئی ہے لیکن توقع کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اسے تمام صارفین کے لیے دستیاب کر دیا جائے گا۔ اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ پر رابطہ اور بات چیت مزید آسان اور مؤثر ہو جائے گی۔