لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی دارالحکومت لاہور کی سڑکوں پر مزید 40 الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد شہر میں کل الیکٹرک بسوں کی تعداد 67 ہو جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب 3 اکتوبر کو الیکٹرک بسوں کے نئے فلیٹ کا افتتاح کریں گے۔
نئے بسوں کی آمد کے بعد لاہور کے بس روٹس کی ازسر نو تشکیل دی جائے گی، تاکہ مسافروں کو بہتر اور مؤثر سروس فراہم کی جا سکے۔ اس پروجیکٹ کے تحت لاہور کی سڑکوں پر الیکٹرک بسوں کا نیا دور شروع ہونے جا رہا ہے۔
الیکٹرک بسوں میں جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں جی پی ایس، وائی فائی، یو ایس بی پورٹس، اور خصوصی افراد کے لیے ریمپ شامل ہیں۔ بسوں میں خواتین کے لیے علیحدہ سیکشن اور ہراسیت سے بچاؤ کے لیے کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔
مسافروں کی سہولت کے لیے کرایہ کی ادائیگی ڈیجیٹل والٹ اور کارڈز کے ذریعے ممکن ہوگی، جبکہ ایک موبائل ایپ کے ذریعے بسوں کی ٹریکنگ بھی کی جا سکے گی۔ ان بسوں سے روزانہ تقریباً 43,000 مسافر مستفید ہوں گے۔یہ جدید الیکٹرک بسیں لاہور کی پبلک ٹرانسپورٹ کو ماحول دوست، محفوظ اور سہولت بخش بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔