کیلیفورنیا:ایپل نے اپنے تین پرانے ماڈلز کو باضابطہ طور پر "متروک" (Obsolete) قرار دے دیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ یہ ڈیوائسز اب کمپنی کی جانب سے کسی قسم کی ہارڈویئر سروس یا پرزہ جات کی سہولت حاصل نہیں کر سکیں گی۔
متروک قرار دیے گئے ماڈلز میں درج ذیل ماڈلز شامل ہیں
2015 کا 11 انچ میک بُک ایئر
2017 کا 13 انچ میک بُک پرو
2017 کا 15 انچ میک بُک پرو
ایپل کے مطابق جب کسی پروڈکٹ کی پہلی فروخت کے بعد سات سال مکمل ہو جاتے ہیں، تو اسے "متروک" قرار دیا جاتا ہے۔ اس فیصلے کے بعد کمپنی اور اس کے مجاز سروس سینٹرز ان ڈیوائسز کے لیے نہ تو کوئی پرزہ منگوا سکیں گے اور نہ ہی ہارڈویئر مرمت فراہم کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ غیر متوقع نہیں، کیونکہ ایپل نے ان ماڈلز کو کچھ سال قبل ہی "ونٹیج" قرار دے دیا تھا، جو متروک ہونے سے قبل کا مرحلہ ہوتا ہے۔
ایپل کی ویب سائٹ کے مطابق، متروک قرار دی گئی ڈیوائسز صرف اسی صورت میں کام آ سکتی ہیں اگر ان کے پرزے کسی دوسری پرانی مشین سے نکال کر لگائے جائیں۔ بعض معاملات میں بیٹری کی تبدیلی ممکن ہے، لیکن دیگر ہارڈویئر سروسز مکمل طور پر بند کر دی جائیں گی۔
ایپل صارفین کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ ان ڈیوائسز کی جگہ نئی مشینیں حاصل کریں، کیونکہ پرانی مشینیں سیکیورٹی، کارکردگی اور اپڈیٹس کے لحاظ سے بھی پیچھے رہ گئی ہیں۔