Get Alerts

شہباز شریف کا کرغزستان کے ثقافتی و تاریخی مقامات کا دورہ

 شہباز شریف کا کرغزستان کے ثقافتی و تاریخی مقامات کا دورہ

بشکیک: وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان کے صدر صدار ژاپاروف کے ہمراہ آلا آرچا نیشنل پارک کا دورہ کیا، جہاں انہیں کرغز ثقافت اور روایتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے کرغزستان کے صدیوں پر محیط ثقافتی ورثے کو سراہا اور روایتی گھڑ سواری اور عقابوں سے شکار کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

بعد ازاں کرغزستان کے وزیر خارجہ کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ تقریب میں پاک کرغز دوستی اور خیرسگالی کی عکاسی کرنے والی ثقافتی پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ثقافتی پروگرام کے ذریعے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات اور مشترکہ خیرسگالی کو اجاگر کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں آتا بیئت یادگاری مرکز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے معروف کرغز اور سوویت ادیب چنگیز ایتماتوف کی قبر پر پھول رکھے اور آتا بیئت میں مدفون افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آتا بیئت کرغزستان کا ایک اہم قومی اور تاریخی یادگاری مقام ہے، جو ملک کی تاریخ میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

ٹیگز: