لاہور، اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں بالخصوص پنجاب میں موسم کے رنگ نرالے ہو گئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش نے جہاں گرمی کا زور توڑ کر موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے، وہیں محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں بیشتر مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں دن بھر بادل چھائے رہے اور مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں پتوکی، حجرہ شاہ مقیم، سرگودھا، احمد پور شرقیہ اور بہاولپور میں بھی بادل جم کر برسے۔ منچن آباد میں بارش کے ساتھ آنے والی شدید آندھی کے باعث کئی مقامات پر درخت اکھڑ گئے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں اور تیز ہواؤں کا یہ سلسلہ ابھی تھما نہیں ہے۔ ماہرینِ زراعت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پنجاب اور سندھ کے علاقوں میں اس وقت ہونے والی غیر یقینی بارشیں اور آندھی کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے، جو کسانوں کے لیے مالی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مزید اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا اور مزید بارشوں کا امکان ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ خراب موسم کی صورت میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بجلی کے آلات کے استعمال میں احتیاط برتیں۔