Get Alerts

عوام کے لیے بڑا ریلیف: وزیراعظم کی ٹرین کرایوں اور ٹول پلازہ فیس میں اضافہ نہ کرنے کی ہدایت

عوام کے لیے بڑا ریلیف: وزیراعظم کی ٹرین کرایوں اور ٹول پلازہ فیس میں اضافہ نہ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد/لاہور :وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی کے ستائے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پاکستان ریلویز کے کرایوں اور ٹول پلازہ فیس میں مجوزہ اضافہ روک دیا ہے۔ حکومت نے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارتِ ریلوے کے مطابق آپریشنل اخراجات کے پیشِ نظر ٹرین کرایوں میں 30 فیصد اضافہ ناگزیر ہو چکا تھا، تاہم وزیراعظم نے اکانومی اور اے سی کلاس سمیت کسی بھی کلاس کے کرائے بڑھانے سے سختی سے منع کر دیا۔ تاجر برادری کی سہولت کے لیے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔وزیراعظم کی ہدایت پر 30 جون تک 6 ارب روپے کا اضافی بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس فیصلے کو عوام کے لیے "تحفہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے مشکل وقت میں مسافروں کے دل جیت لیے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کی جانب سے ٹول پلازہ فیس میں ہونے والا سہہ ماہی اضافہ بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے کو یکم اپریل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن واپس لینے کے احکامات جاری کر دیے۔ ٹول ٹیکس میں 5 اپریل سے ہونے والا اضافہ اب لاگو نہیں ہوگا۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، ایسی صورتحال میں ان پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مالی سال 2025-26 میں ٹول پلازہ فیس کی مد میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

ٹیگز: