Get Alerts

بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، ایک اہلکار شہید، تین دہشتگرد ہلاک

بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، ایک اہلکار شہید، تین دہشتگرد ہلاک

بنوں: خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں واقع فتح خیل پولیس چوکی پر دہشتگردوں نے رات گئے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہو گئے، جبکہ جوابی کارروائی میں تین دہشتگرد مارے گئے۔

پولیس کے مطابق حملہ رات کی تاریکی میں کیا گیا، جس میں دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ شہید اہلکار کی شناخت کانسٹیبل نیاز کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والوں میں اہلکار منیر، سوداد اور مفتی محمود شامل ہیں۔

پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی میں تین حملہ آور ہلاک کر دیے گئے، جبکہ باقی دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش جاری ہے۔

ڈی آئی جی بنوں نے کہا ہے کہ پولیس دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر کھڑی ہے اور جوان دشمن کے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا، لیکن پولیس نے جرات مندی سے مقابلہ کرتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے اور تین دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا۔

ٹیگز: