Get Alerts

بی جے پی نے 100 حلقوں میں ووٹ چوری کیے:راہول گاندھی

 بی جے پی نے 100 حلقوں میں ووٹ چوری کیے:راہول گاندھی

نئی دہلی: کانگریس کے سرکردہ رہنما اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے حالیہ پریس کانفرنس میں بھارتی انتخابی نظام پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اقتدار کے حصول کے لیے عام انتخابات میں بے مثال دھاندلی کروائی۔

راہول گاندھی نے کہا کہ جلد ایسے شواہد سامنے لائیں گے جو پورے نظام کی حقیقت کو بے نقاب کر دیں گے۔ اُن کے بقول، ’’جب ہم اپنا ڈیٹا جاری کریں گے تو وہ ایسا ہوگا جیسے ایٹم بم پھٹ جائے — لوگ خود دیکھ لیں گے کہ عوام کا مینڈیٹ کس طرح چرایا گیا۔‘‘

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اگر انتخابی عمل شفاف ہوتا تو نریندر مودی آج وزیراعظم نہ ہوتے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت نے نہ صرف عوام کے ووٹ چرا لیے بلکہ ان کا اعتماد بھی پامال کیا۔

راہول گاندھی نے مزید کہا کہ جمہوریت کو محض دکھاوے کے لیے زندہ رکھا گیا ہے، جبکہ حقیقت میں ادارے مفلوج ہو چکے ہیں اور نظام پر مٹھی بھر لوگوں کا قبضہ ہے۔

انہوں نے بی جے پی کو ’’جمہوریت کی قاتل‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت چوری شدہ مینڈیٹ پر ٹکی ہوئی ہے، اور عوام کو گمراہ کر کے اقتدار حاصل کیا گیا ہے۔


راہول گاندھی کے بیانات کے بعد سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے، جبکہ بی جے پی کی جانب سے فوری کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔ مبصرین کے مطابق اگر کانگریس اپنے دعوے کے حق میں ثبوت پیش کرتی ہے، تو یہ بھارتی سیاست میں زلزلہ لا سکتا ہے۔

ٹیگز: