ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ اور بھارتی رکنِ پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے جین زی پر سخت تنقید کے چند روز بعد انہیں فرینڈشپ ڈے کی مبارکباد دے کر ایک نئی بحث چھیڑ دی۔
کنگنا نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں بتایا کہ جم کے دوران ان کی دو جین زی لڑکیوں سے ملاقات ہوئی، جن سے جدید طرزِ زندگی، سوشل میڈیا، ڈیٹنگ ایپس اور مصنوعی ذہانت جیسے موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ ان کے مطابق لڑکیوں کا کہنا تھا کہ ہر فرد کو اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔
اداکارہ نے جواب میں کہا کہ آزادی ہر شخص کا حق ہے، تاہم اس کے ساتھ ذمہ داری کا احساس بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ بعض اوقات آزاد اور روایتی سوچ کے درمیان اختلافات ایسے نتائج پیدا کرتے ہیں جن کا اثر معصوم بچوں پر بھی پڑتا ہے۔
کنگنا کے مطابق، گفتگو کے دوران دونوں لڑکیوں نے بھی اس مؤقف سے اتفاق کیا کہ آزادی اور ذمہ داری ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتیں۔
اپنی پوسٹ کے اختتام پر اداکارہ نے "ہیپی فرینڈشپ ڈے، میرے جین زی دوستوں" کا پیغام بھی شیئر کیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کنگنا رناوت نے طلبہ احتجاج کے تناظر میں جین زی کے بعض افراد کی زبان اور رویے پر تنقید کرتے ہوئے سخت الفاظ استعمال کیے تھے، جس پر انہیں سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔