پی پی سے اتحاد نہیں کریں گے، وفاق، بلوچستان اور پنجاب میں ن لیگ،کے پی میں اتحادیوں کی حکومت ہوگی: حنیف عباسی

پی پی سے اتحاد نہیں کریں گے، وفاق، بلوچستان اور پنجاب میں ن لیگ،کے پی میں اتحادیوں کی حکومت ہوگی: حنیف عباسی

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ اب اتحادی حکومت نظر نہیں آرہی، پیپلزپارٹی کیساتھ حکومت بنانے سے بہتر ہے ن لیگ حکومت نہ بنائے۔پی پی وفاق کے خواب دیکھنے کے بجائے سندھ کی فکر کرے۔ 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے  نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ اگر پہلے جیسی اتحادی حکومت ہوئی تو نوازشریف اپنا وژن مکمل نہیں کرسکیں گے، شہبازشریف سے متعلق بلاول کی باتیں اخلاق سے گری ہوئی ہیں، آصف زرداری اور بلاول دونوں شہبازشریف کو  بڑا بھائی کہتے رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا حساب، انگور کھٹے والا ہے، آپ نے شو باز کہا ہے تو پھر آپ بھی سندھ کو ٹھیک کر کے شو بازی کر لیں، پورے سندھ میں پینے کا صاف پانی نہیں، انہوں نے  سندھ والوں کو صحت اور تعلیم بھی نہیں دی۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ سندھ کے اسکول،کالجز میں جانور بندھے ہیں، وڈیروں نے زمینوں پر قبضہ کرلیا، ہم لاڈلے نہیں، بس انصاف دیر سے ملا، پی پی سے کہتا ہوں محنت کر حسد نہ کر۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بلاول نے وزیراعظم کو کہا ہمیں لاڑکانہ اور کراچی  ٹھیک کرکے دیں، بلاول نےاسمبلی میں کہا ہمیں سندھ میں شہبازشریف چاہیے۔

سابق معاون خصوصی حنیف عباسی نے کہا کہ پنجاب میں ہم جیتیں گے، بلوچستان میں بھی ن لیگ حکومت بنارہی ہے، کے پی میں مولانا کے ساتھ اتحادی حکومت بنائینگے، سندھ میں پی پی سے ٹکر کا مقابلہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پیپلزپارٹی کی وزارتوں میں مداخلت نہیں کی اور آپ ان کی کارکردگی دیکھ لیں، بلاول بھٹو کی وزارت خارجہ میں کیا کارکردگی رہی، ممی ڈیڈی وزیر خارجہ لگا دیں گے تو کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔

مسلم لیگ کن کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت  کے لوگ ق لیگ سے اتحاد کے حق میں نہیں، گجرات کی ایک 2 نشستوں  پر اختلاف تھا اب سیٹ ایڈجسٹمنٹ لیڈر شپ کا فیصلہ ہوگا۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو دیوار سے لگا کر ملک نہیں چل سکتا لیکن  9 مئی والے عناصر کو نکال دیں، اگر 9 مئی والوں کو بھی لیول پلئینگ فیلڈ دینی ہے تو کالعدم تنظیموں کو بھی ہونی چاہیے، شیخ رشید کی بات کا یقین نہیں،کسی کام کا چلہ نہیں کاٹا، جھوٹ بولتا ہے۔

مصنف کے بارے میں