کراچی :نیپا چورنگی کے قریب پیش آنے والے المناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آگئی ہے، جس میں 3 سالہ ابراہیم کو کھلے مین ہول میں گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج کے مطابق اتوار کی شب ابراہیم اپنی والدہ کے ہمراہ ایک نجی ڈپارٹمنٹل سٹور سے باہر نکل رہا تھا۔ اسٹور سے منسلک پارکنگ ایریا میں چند قدم کے فاصلے پر ہی ایک کھلا مین ہول موجود تھا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ابراہیم بھاگتے ہوئے اپنے والد کی طرف جا رہا تھا کہ اچانک بغیر ڈھکن کے مین ہول میں گر گیا۔
فوٹیج میں یہ بھی واضح ہے کہ مین ہول کے گرد نہ کوئی حفاظتی رکاوٹ نصب تھی اور نہ ہی کوئی متنبہ کرنے والا نشان موجود تھا، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔
ننھے ابراہیم کے گرنے پر اس کی والدہ کی چیخ پکار سے موقع پر موجود افراد جمع ہوگئے اور گٹر کے آس پاس کھڑے ہو کر بچے کی تلاش شروع کر دی، تاہم فوری ریسکیو کے باوجود بچے کو بچایا نہ جا سکا۔
اہلخانہ اور اہلِ محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت رات بھر مشینری منگوا کر تلاش جاری رکھی، لیکن کامیابی نہ مل سکی۔ بالآخر پیر کی صبح، تقریباً 14 گھنٹے بعد، ابراہیم کی لاش جائے حادثہ سے تقریباً ایک کلومیٹر دور نالے سے ملی۔