لاہور : پاکستان کی مشہور میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے سینئر اداکار بہروز سبزواری کو خواتین کے لباس پر کیے گئے تبصرے پر طنز کا نشانہ بنایا ہے۔ نادیہ خان نے حالیہ ایک نجی شو میں بہروز سبزواری کے ماضی کے بیان پر ردِ عمل ظاہر کیا۔
شو میں اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے ایک ڈرامے میں صبا قمر کے کردار اور لباس کی تعریف کرتے ہوئے نادیہ خان کے لباس کی بھی تعریف کی۔ عتیقہ نے کہا کہ لباس تھوڑا زیادہ چُست ہونا چاہیے، جس پر نادیہ خان نے مذاق کرتے ہوئے جواب دیا، "نہیں، وہ تنگ لباس بہروز سبزواری کو پسند نہیں آتے، اس لیے خیال رکھنا پڑتا ہے، وہ سخت منع کرتے ہیں کہ چُست کپڑے نہیں پہننے چاہیے۔"
نادیہ نے مزید کہا کہ اس لیے وہ ہمیشہ اس بات کا خیال رکھتی ہیں تاکہ کسی کو ناراض نہ کیا جائے۔ اس تبصرے کے ذریعے نادیہ خان نے بہروز سبزواری کے پچھلے بیان کو بھی یاد دلایا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ خواتین جو تنگ کپڑے پہنتی ہیں، وہ ناگوار لگتے ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو میں بہروز سبزواری نے کہا تھا کہ "خواتین جو موٹرسائیکلوں پر تنگ لباس پہن کر بیٹھی ہوتی ہیں، وہ مناسب نہیں لگتے۔" ان کے مطابق، یہ سب گھریلو تربیت کا نتیجہ ہوتا ہے۔